لاہور: (دنیا نیوز) ڈیفنس میں گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے معاملہ پر لاہور ہائیکورٹ نے ملزم افنان کے تحفظ کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا، تحریری حکم کے مطابق سڑکوں پر بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والے چلتے پھرتے قاتل ہیں، متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی لاقانونیت پر ایکشن لیں۔
حکم نامے کے مطابق سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ لاہور میں 73 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں، صرف 13 لاکھ افراد کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے، ایسی صورتحال بہت تشویشناک ہے، متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سختی سے اس عمل کو روکیں۔
عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ کارروائیوں کے دوران کسی شہری کو بلا جواز ہراساں نہ کیا جائے، سی ٹی او اور ایس ایس پی آپریشنز آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن آئندہ سماعت پر مقدمہ کے مکمل ریکارڈ کے ساتھ عدالت پیش ہوں۔
تحریری حکم کے مطابق گاڑیوں کی رجسٹریشن کرنے والی اتھارٹی بھی آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرے کہ کن بنیادوں پر رجسٹریشن کی جاتی ہے، یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے جس کے لیے عدالت کو معاونت درکار ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ بیرسٹر احمد پنسوتا اور ایڈووکیٹ میاں علی حیدر کو عدالتی معاون مقرر کیا جاتا ہے، درخواست پر آئندہ سماعت 21 نومبر کو ہوگی۔