شکر گڑھ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018ء میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے پانامہ سازش کے ذریعے نواز شریف کو انتخابی سیاست سے باہر رکھا۔
اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں چیئرمین پی ٹی آئی ثاقب نثار کے لاڈلے تھے، 2024ء میں نواز شریف 24 کروڑ عوام کا لاڈلہ ہوگا، نواز شریف عوام کی ترقی کا لاڈلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے لیول پلیئنگ فیلڈ چھینی تھی، نواز شریف نے مخالفین کی نیندیں اڑائی ہوئی ہیں، ترقی کے ہر منصوبے میں ن لیگ کی مہر لگی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی یہ نہیں کہہ سکتی کہ وہ پاکستان کو کراچی جیسا بنا دے گی اور پی ٹی آئی نہیں کہہ سکتی کہ وہ پاکستان کو پشاور جیسا بنا دے گی لیکن ن لیگ کہہ سکتی ہے کہ وہ پورے پاکستان کو لاہور جیسا بنا دے گی۔