کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی والدہ انتقال کر گئیں۔
مرحومہ کافی عرصے سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھیں، ان کی نماز جنازہ آج بروز منگل بعد نماز ظہر مدنی مسجد، فیڈرل بی ایریا، بلاک 8 نزد جناح گراؤنڈ کراچی میں ادا کی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کنوینئر ایم کیو ایم کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور والدہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہوں، والدہ کا جہان فانی سے کوچ کر جانے کا زخم کبھی نہیں بھرتا۔
دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان، سابق صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر شاہ، امتیاز شیخ نے بھی خالد مقبول صدیقی سے اظہار افسوس کیا اور اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔