منی لانڈرنگ کیس: مونس الہٰی کے بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد

Published On 23 November,2023 11:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کے بیٹے مونس الہٰی کے منی لانڈرنگ کیس میں بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد کر دی گئیں۔

تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حکم پر بینک اکاؤنٹس منجمد کردئیے ہیں۔

دستاویز کے مطابق مونس الہٰی کے لاہور میں 8 مختلف بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 48 کروڑ 76 لاکھ سے زائد کی رقم آئی اور انہوں نے ساری رقم ان بینک اکاؤنٹس سے نکلوا لی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مونس کے رقم جمع کرانے اور منتقل کرنے میں استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق مونس الہٰی کی 6 مختلف پراپرٹیز کو بھی منجمد کر دیا گیا ہے، ان کی قصور میں 5 اور راولپنڈی میں ایک پراپرٹی کو منجمد کیا گیا، انہوں نے پراپرٹیز منی لانڈرنگ سے بنائی ہیں اور عدالت کے حکم پر ان کے بینک اکاؤنٹس اور پراپرٹیز کو منجمد کیا گیا ہے۔