کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو نے کہا کہ این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدارکی رسہ کشی میں سیاسی جماعتیں آئین پرحملے میں آلہ کار نہ بنیں، پیپلزپارٹی 18 ویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری کو رول بیک کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ ڈرائنگ روم میں بیٹھے کچھ سیاستدان سازشوں میں مصروف ہیں، آئین کے خلاف آج بھی سازشیں کی جا رہی ہیں، صوبائی خودمختاری کی وجہ سے آج وفاق کو کنگلا قرار دیا جا رہا ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ ن لیگ یاد رکھے اگر این ایف سی میں صوبوں کے حصے میں کمی کی گئی تو پنجاب بھی کمزور ہوگا، نوازشریف تو پرویزمشرف اور چیئرمین پی ٹی آئی سے معافی مانگ کر ملک سے چلا گیا تھا، آئینی طورپر این ایف سی میں صوبوں کا حصہ بڑھایا تو جاسکتا ہے کم نہیں کیا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: آج بھی ہم بزرگوں کی طرف دیکھیں گے تو نوجوان کہاں جائیں گے: مرتضیٰ وہاب
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ اقتدار کی رسہ کشی میں ملک کمزور ہوگا، سندھ میں کبھی نیا صوبہ نہیں بنے گا، پنجاب کو اپنا گڑھ کہنے والے پریشان نظر آرہے ہیں، عام انتخابات میں عوام نے جو فیصلہ کیا اس کو قبول کریں گے۔