سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کررہے، تاجر بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائیں:انوارالحق کاکڑ

Published On 07 December,2023 08:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے لئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، تاجر برادری بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کامیابی کے موقع پر تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے، امید ہے آئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان ملک کا مستقبل، جدید تعلیم کا حصول ہماری ترجیح ہے: نگران وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری روکنے کے حوالے سے سخت اقدامات کئے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے، خواہش ہے تاجر برادری جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مزید کامیابیاں سمیٹے گی، تاجر برادری اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مزید کامیابیوں کے لئے دعاگو ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کو ملک کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے: نگران وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کو سدھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، آپ کی کامیابی پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے، یہ تاریخی کامیابی ملک میں مزید بہتراصلاحات کا پیش خیمہ ہے، بڑی کاروباری کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہئے۔

نگران وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا، کاروباری افراد بیرون ملک مارکیٹ کو اپنا ہدف بنائیں، ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا تو اتنا ہی عوام کی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کی بدولت گوادر اور بلوچستان ترقی میں آگے نکل آئے ہیں : نگران وزیراعظم

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ خواہش ہے ایسے اقدامات کریں جس سے آنے والی حکومت کے لئے آسانیاں ہوں، سمت کی درستگی سے شاندار کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں، ہر شعبے کی اپنی استعداد کار میں اضافے سے مزید کامیابی حاصل ہوسکتی ہے، پاکستان کے شاندارمستقبل کے لئے پر امید ہوں۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تقریب کے دوران پاکستان کی 25 بہترین کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔