کراچی: (دنیا نیوز) غریب آباد انڈر پاس میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والی ایم کیو ایم خواتین کمیٹی کی ممبر رخشندہ دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔
پولیس کے مطابق غریب آباد انڈر پاس میں ڈکیتی مزاحمت کا واقعہ گزشتہ شام پیش آیا تھا، خاتون رخشندہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں، دو ملزمان نے چلتی موٹر سائیکل پر خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ پرس کی چھینا جھپٹی کے دوران خاتون موٹر سائیکل سے گر گئیں جس پر ان کے سر پر چوٹیں آئیں، اس کے بعد خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ دوران علاج جان کی بازی ہار گئی ہیں۔
ایم کیو ایم کی رہنما کی نماز جنازہ ظہر کی نماز کے بعد ناظم آباد میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں بلدیہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔