اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ عام انتخابات 2024ء کے لئے ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ مکمل ہو گیا جن کی سماعت 10 جنوری تک جاری رہے گی، ان اپیلوں کی سماعت کیلئے 24 اپیلٹ ٹربیونلز قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25 سے 30 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔
قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر کل 25 ہزار 951 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 22 ہزار 711 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کیلئے 3 جنوری آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری تک ہوگی۔
ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 16 جنوری تک جبکہ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 19 جنوری کو ہوگا۔
امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 20 جنوری کو جبکہ کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 23 جنوری کو جاری کی جائے گی۔
جنرل نشستوں پر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی، کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔
امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہو گی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہو گی۔