آئی ٹی کورس کے ذریعے نسلوں کا مسئلہ حل کرنے جا رہے ہیں: گورنر سندھ

Published On 10 January,2024 10:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آئی ٹی کورس کے ذریعے نسلوں کا مسئلہ حل کرنے جا رہے ہیں۔

گورنر ہاؤس میں پاکستان انٹرپرینیور ایوارڈز 2024ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان انٹرپرینیور ایوارڈز 2024ء کے انعقاد پر منتظمین کا شکر گزار ہوں، ملک کے حالات آپ سب کے سامنے ہیں، سوچنا یہ ہے کہ ملک کے لئے ہم اپنا مثبت کردار کس طرح ادا کر سکتے ہیں۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے آگے بڑھنا ہے، ملکی ترقی میں ہر ایک کو حصہ ڈالنا ہے، ہم آئی ٹی کورس کے ذریعے نسلوں کا مسئلہ حل کرنے جا رہے ہیں، اس تقریب میں جدت طرازی کے معمار اور  سٹیٹس کو  کو توڑنے والے لوگ موجود ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آپ لوگوں کا غیرمتزلزل عزم پاکستان کے لیے ترقی اور اُمید کی کرن ہے، تاجر برادری اپنے کاروبار کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، انٹرپرینیورشپ صرف کاروبار شروع کرنے کا نام نہیں، کاروباری افراد معاشی ترقی اور معاشرتی تبدیلی کی محرک قوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے کاروباری برادری کو وسائل، رہنمائی اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، یہ بہت اہم ہے کہ ہم اپنے کاروباری افراد کی مدد کریں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ پاکستان میں یہ جذبہ پروان چڑھتا رہے گا جو ہمارے مستقبل کو بہتر بنائے گا۔