اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیرسٹر گوہر خان کے گھر پر پولیس کے چھاپے مارے جانے کے معاملے پر ایس ایچ او مارگلہ سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا۔
ترجمان وفاقی پولیس کے مطابق گزشتہ روز بیرسٹر گوہر کے گھر مقامی پولیس کے جانے پر انکوائری عمل میں لائی گئی ہے، آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے بیرسٹر گوہر کو کسی بھی پولیس افسر کے قصور وار ہونے پر محکمانہ کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مقامی پولیس ایک مخبر کی اطلاع پر اشتہاری کی تلاش میں ایف 7 پہنچی، مذکورہ گھر بیرسٹر گوہر کا ہے، یہ معلوم ہونے پر پولیس فوری واپس آگئی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں اپنے گھر پولیس جانے کی شکایت کی تھی، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے پولیس آفیسر کو طلب کیا اور معاملہ کی تحقیق کا حکم جاری کیا۔
اس حوالے سے ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ڈی پی او سٹی کو انکوائری افسر مقرر کر کے تفصیلی رپورٹ 3 دن میں جمع کروانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔