کوئٹہ: (دنیانیوز) صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان میں پولنگ سٹیشنز اور ووٹرز کی تفصیلات جاری کردی گئی ۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان بھر میں انتخابات کے لیے 5 ہزار 28 پولنگ سٹیشنز قائم ہونگے، بلوچستان میں مردوں کے 1511، خواتین کے 1317جبکہ 2200مشترکہ پولنگ سٹیشن ہونگے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ سٹیشنز میں 14ہزار 882پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، بلوچستان میں 53لاکھ 71ہزار 949افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مجموعی طور پر 810 پولنگ سٹیشن قائم ہونگے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ سٹیشنز میں سے 447 مردوں اور 356 خواتین کے لیے مخصوص ہونگے، 810 پولنگ سٹیشنز میں سے 7 پولنگ سٹیشنز مشترکہ ہونگے، پولنگ سٹیشنز میں 2573 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے، جس میں 1459 مردوں کے لئے اور 1114 خواتین کے لئےپولنگ بوتھ مختص ہونگے ۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق کوئٹہ شہر میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 54 ہزار 233 ہے، ووٹرز میں 4 لاکھ 88 ہزار 586 مرد جبکہ 3 لاکھ 65 ہزار 647 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔