لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور نوٹسز جاری کردیئے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق این اے 142 ساہیوال میں امیدوار عثمان علی کو ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا، امیدوار عثمان علی آج ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے وضاحت کیلئے پیش ہونگے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان نے خلاف ضابطہ تشہیری مواد پر امیدواروں رانا قاسم نون، عبدالقادر گیلانی اور دیگر کو نوٹسز جاری کئے، ملتان میں شاہد محمود خان اور علی موسیٰ گیلانی سمیت 12 امیدواروں کو نوٹسزجاری کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ این اے 46 اسلام آباد میں تین امیدواروں کو غیر قانونی طور پر انتخابی کیمپ بنانے پر نوٹسز جاری ہوئے، این اے 48 اسلام آباد میں امیدوار ملک عبدالعزیز کو بغیر اجازت کار ریلی نکالنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی پی 64 گوجرانوالہ سے امیدوار عمرفاروق ڈار اور عاصم اشرف کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے، پی پی 30 گجرات میں امیدوار عتیق الزمان ڈوگر کو اوور سائز پینا فلیکس لگانے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ خانیوال کے 6 امیدواروں کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تنبیہ جاری کی گئی ہے جبکہ مظفر گڑھ میں امیدوار میاں علمدار حسین کو انتخابی مہم کیلئے پبلک پراپرٹی استعمال کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔