ن لیگ جانتی ہے اکثریت نہیں چاہتی میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بنیں: بلاول بھٹو

Published On 29 January,2024 07:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ جانتی ہے اکثریت نہیں چاہتی میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بنیں، سندھ میں مناظرے کا چیلنج میں نے قبول کیا، میاں صاحب کیوں ڈر رہے ہیں؟۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہباز شریف خیر پور، سکھر، کراچی کے ہسپتال کے باہر بھی چاہیں تو ڈیبیٹ کر لیں، پنجاب میں مجھے لوگوں کا اچھا ریسپانس ملا ہے، میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ن لیگ پتہ نہیں کس چیز سے خوفزدہ ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ طاقت سے راستہ روک سکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے، اپنی معاشی پالیسیز کا پتہ ہے تو آئیں مجھ سے ڈیبیٹ کریں۔

دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری کی سیٹلائٹ ٹاؤن میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے ہیڈکوارٹرز مکتب تشیع علی مسجد میں آمد ہوئی، بلاول بھٹو نے سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ آغا سید حسین مقدسی سے ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری کو آغا سید حسین مقدسی نے عام انتخابات میں حمایت کی یقین دہانی کروائی، بلاول بھٹو کے ساتھ پی پی پی پی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری بھی موجود تھے۔