جھنگ: (دنیا نیوز) قومی یکجہتی اتحاد کے چیئرمین اعجاز الحق نے کہا کہ 2006ء میں چارٹرڈ آف ڈیموکریسی کرکے نظریاتی سیاست کو دفن کردیا گیا۔
قومی یکجہتی اتحاد کے چیئرمین اعجازالحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی چیئرمین سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، پیپلزپارٹی سے نظریاتی اختلاف ہے ذاتی نہیں، سیاست میں ذاتی دشمنی نہیں ہونی چاہئے، الیکشن کے بعد ساری پی ڈی ایم اکٹھی ہوگی۔
اعجازالحق نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں بڑی تعداد آزاد امیدواروں کی کامیاب ہوگی، رجیم چینج کے وقت منڈی لگی تھی، اس طرح نہیں ہونا چاہئے، قومی یکجہتی اتحاد نے 36 اضلاع سے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو بچانے کے لئے مذہبی جماعتوں پر مشتمل قومی یکجہتی اتحاد قائم کیا، چارٹرڈ آف ڈیمو کریسی سے پاکستان میں مفادات کی سیاست نے جنم لیا، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں سے کسی کا منشور اور نظریہ آپس میں نہیں ملتا صرف مفادات مشترکہ تھے۔
اعجازالحق نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عوام کے کندھوں پر مہنگائی کا وہ بوجھ ڈالا جو ماضی میں کسی اور حکومت نے نہیں ڈالا، میرے والد نے ہمارے لئے کوئی جائیداد، فیکٹریاں اور پیسے نہیں چھوڑے، البتہ علماء و مشائخ کی محبت ہمارے دلوں میں ضرور ڈالی۔
چیئرمین قومی یکجہتی اتحاد نے این اے 109 سے امیدوار مولانا احمد لدھیانوی کے حق میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے امیدواروں کو دستبردار کرانے کا بھی اعلان کرایا۔