نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اسلام کا نام لے کر اسلام آباد کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ 8 فروری کو کامیاب ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں حکومت بنائیں گے، عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کریں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکہ دیا، خیبرپختونخوا کے عوام نے بانی تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا مگر انہوں نے پختونوں کے مینڈیٹ کی توہین کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی پی نے کہا کہ میں نے نوشہرہ کے عوام کی 40 سال تک بے لوث خدمت کی ہے، نوشہرہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سیلاب سے محفوظ بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ لگا کر غریب کے منہ سے دو وقت کی روٹی چھین لی گئی ہے، حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ آزاد امیدوار جیت کر میرے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں، آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کا ہے۔