اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی عرفان نواز میمن کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، حکم نامہ میں کہا گیا آئی جی اسلام آباد بدھ صبح نو بجے سے پہلے ڈی سی عرفان نواز میمن کو گرفتار کرکے پیش کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ عرفان میمن جس بھی صوبے یا پاکستان کے علاقے میں ہوں وہاں کے آئی جی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں، اگر عرفان میمن کسی ایئرپورٹ یا بندر گاہ پر پائے جائیں تو ڈی جی ایف آئی اے وارنٹ کی تعمیل کرائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا بھی حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹ کنٹرول یقینی بنائیں کہ ڈی سی اسلام آباد ملک سے باہر نہ جاسکیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ بادی النظر میں عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور تاخیر کیلئے ڈی سی اسلام آباد پیش نہیں ہوئے۔