عدالت کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو گرفتار کر کے آج پیش کرنے کا حکم

Published On 21 February,2024 03:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو آج گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس بار ستار نے شہریار آفریدی کیس میں ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا، حکم نامے میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد آج بروز بدھ صبح 9 بجے سے پہلے ڈی سی عرفان نواز کو گرفتار کر کے پیش کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاری حکم نامہ میں کہا کہ عرفان میمن جس بھی صوبے یا پاکستان کے علاقے میں ہوں وہاں کے آئی جی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں، اگر عرفان میمن کسی ایئرپورٹ یا بندر گاہ پر پائے جائیں تو ڈی جی ایف آئی اے وارنٹ کی تعمیل کرائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹ کنٹرول یقینی بنائیں کہ ڈی سی اسلام آباد ملک سے باہر نہ جا سکیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ بادی النظر میں عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے اور تاخیر کیلئے ڈی سی اسلام آباد پیش نہیں ہوئے۔