لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی خواتین کے لیے ایک اور بین الاقوامی اعزاز، بانی روحیل فاؤنڈیشن علیزے خان کو ڈیانا لیگیسی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
علیزے خان ڈیانا لیگیسی ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، علیزے خان نے 14 مارچ 2024ء کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں پرنس ولیم سے یہ ایوارڈ وصول کیا، 26 سالہ علیزے خان کو یہ ایوارڈ ایک نوجوان سماجی و فلاحی کارکن کی حیثیت سے دیا گیا۔
علیزے خان بانی اخوت فاؤنڈیشن و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی بہو ہیں، علیزے نے ضرورت مندوں کو راشن کے تھیلے اور پکا ہوا کھانا پہنچا کر خوراک کی قلت سے نمٹنے کے لیے روحیل فاؤنڈیشن قائم کی۔
بانی روحیل فاؤنڈیشن نے پسماندہ علاقوں میں حفظان صحت کی مہم چلائی ہے، علیزے لاہور میں یتیم خانوں کے لیے فنڈ ریزنگ میں سرگرم عمل ہیں، علیزے نے COVID-19 کے دوران پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو راشن بیگ فراہم کئے۔