ججز پر دباؤ سچ ہے یا جھوٹ فیصلہ عدالت کریگی، شواہد بھی دینے پڑیں گے: عظمیٰ بخاری

Published On 03 April,2024 09:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ججز پر دباؤ سچ ہے یا جھوٹ فیصلہ عدالت کرے گی، جو کہا جا رہا ہے اس کے شواہد بھی دینے پڑیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی ایک طرف کہتی ہیں شہد میں زہر ملا کر دیا جارہا ہے، کبھی کہتی ہیں کھانے میں ملا کر زہر دیا جارہا ہے، زہر کی سٹوری کوئی نئی نہیں ہے، بشریٰ بی بی نے تو زمان پارک میں بھی کہا تھا زہر دیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ججز پرانی باتوں کو آج نکال رہے ہیں، جج اطہرمن اللہ نے آج کہا ججز پر بڑا دباؤ ہے، ججز پر بالکل دباؤ آسکتا ہے اور آتا رہا ہے، ایک سیاسی پارٹی کو درجنوں کیسز میں ضمانتیں مل جاتی ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو کچھ کہا جا رہا ہے اس کا ثبوت تو دینا پڑے گا، نوازشریف کے کیسز میں تو دباؤ بڑا درست کام کر رہا تھا، اگر دباؤ اتنا ہے تو پہلے دباؤ کام کیسے اور اب کیوں نہیں کر رہا، ایک دباؤ نوازشریف کے کیسز میں سر چڑھ کر بول رہا تھا۔