کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہر صورت امن و امان بحال کیا جائے۔
صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ نے خواجہ اظہار کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے اجلاس کرکے امن و امان کی بحالی کے لئے ہدایات دیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز ناصرف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہیں بلکہ سٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی بھی کر رہی ہیں، سندھ میں ایسے پولیس افسروں کی ضرورت ہے اور تھی جو صورتحال کو سمجھتے ہوں، ایک اچھی شہرت کا آئی جی لگوانے پر خواجہ اظہار کو اتنا برا کیوں لگا یہ سمجھ سے باہر ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ خواجہ اظہار اطمینان رکھیں سندھ حکومت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرے گی، خواجہ اظہار کہتے ہیں کہ نواز لیگ کو بلیک میل کرکے آئی جی پولیس لگوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ خواجہ اظہار نواز لیگ کے ترجمان ہوگئے ہیں اور امن و امان پر گفتگو صرف سیاسی ہے۔