کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کو بدامنی نگران حکومت سے ورثے میں ملی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ فورسز کو متنازعہ بنانے سے امن سبوتاژ کرنے والوں کو فائدہ ہوا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کا بیانیہ پولیس کے جوانوں کا مورال ڈاؤن کرنے کی کوشش ہے، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے بیانیے کا مقصد صرف مجرموں کو فائدہ پہنچانا یا پولیس فورس کے حوصلے پست کرنا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بغیر کسی تعمیری رائے کے تنقید مجموعی سلامتی اور استحکام کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہے، سیاسی رہنماؤں کو قانون کی حکمرانی کو کمزور کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے، امن و امان کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔