کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ ایم کیو ایم پولیس فورس کو متنازعہ بنا کر مجرموں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے بیان پر سندھ کے وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار نے ردعمل میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں امن وامان کا قیام ہے۔
ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی کوشش ہے کہ صوبے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جائے، الحمدللہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہمیں اعتماد ہے، امن و امان کے قیام میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ پولیس کے جوانوں اور افسروں کی بھی شہادتیں ہوئی ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ پولیس میں اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں، امن و امان کے قیام کے لئے تمام ادارے سنجیدہ ہیں، ایم کیو ایم حکومت میں ہو تو سب اچھا ہوتا ہے جب اقتدار سے باہر ہو تو انہیں نجانے سب برا کیوں نظرآتا ہے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ ایم کیو ایم جان لے چور ڈاکو کی کوئی ذات نہیں ہوتی، وہ ہماری نظرمیں صرف لٹیرے ہیں، لٹیروں اور معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ ہمیں اچھی طرح نمٹنا آتا ہے، کسی شہری کی جان جانے پر ہمیں آپ سے زیادہ دکھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے مگرمچھ کے آنسو کون بہاتا ہے، امن وامان کا قیام ہماری ذمہ داری ہے جسے اچھی طرح نبھائیں گے، موبائل چوروں سے نجات کے لئے حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں، انشاء اللہ حکومت اور عوام ملکر صوبے بھر میں امن قائم کریں گے۔