پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ اور اسمبلی اجلاس بلانے سے انکار کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کے بغیر ہی بجٹ منظور کرنے پرغور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت آئندہ دو ماہ کے بجٹ کی منظوری دے گی، بجٹ کی منظوری صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دیئے جانے کی توقع ہے، آئندہ 2 ماہ کے لئے 360 سے 400 ارب روپے تک بجٹ تیار کرلیا گیا، بجٹ صرف جاری اخراجات کی مد میں جاری کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ محکموں کو صرف تنخواہوں اور جاری اخراجات کے لئے فنڈز دیئے جائیں گے، محکمہ خزانہ جاری اخراجات کے علاوہ ترقیاتی بجٹ جاری کرنے سے گریزاں ہے، ترقیاتی بجٹ منظور نہ ہونے سے محکموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ نہ ہونے سے صوبہ بھر میں متعدد منصوبے رک گئے، صوبائی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے سے ترقیاتی و دیگر معاملات ٹھپ ہوگئے، گزشتہ تین چار ماہ سے صرف اخراجات جاری کرنے کی منظوری دی جانے لگی۔