لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن ہال میں آتشزدگی سے متاثر ہونے والا آئی بی ایم ایس سسٹم مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آئی بی ایم ایس سسٹم بحال ہونے کے بعد دو بین الاقوامی فلائٹس لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر گئیں، بین الاقوامی روانگی فلائٹس کیلئے بھی آئی بی ایم ایس سسٹم مکمل فعال ہو چکا ہے۔
سی اے اے کے مطابق خصوصی امیگریشن ایریا میں شارٹ سرکٹ ہوا جس سے امیگریشن سسٹم کو نقصان پہنچا، آگ پر قابو پانے میں دو گھنٹوں سے زائد وقت لگا اسی دوران صرف ایک ائیر بلیو کی حج پرواز روانہ ہو سکی دیگر تین پروازیں مینوئل طریقے سے بعد میں روانہ کی گئیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق ائیر پورٹ امیگریشن کاؤنٹر پر واقعے کے بعد دھواں بھرنے کی وجہ سے لاہور سے اندرون وبیرون ملک جانے والی 35 پروازیں تاخیر کا شکار اور منسوخ کر دی گئیں، دوسرے شہروں سے آنے والے مسافروں کو قریبی ہوٹلز میں منتقل کیا گیا۔
وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے بھی لاہور ایئرپورٹ کے ٹرمینل کی عمارت کا دورہ کیا، آگ سے متاثرہ حصے کا معائنہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر کو اندرون ملک آپریشن کی بحالی پر بریفنگ بھی دی گئی۔