پشاور: (دنیا نیوز) کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا اہم اقدام، وزیراعلیٰ نے طلبہ اور دیگر لوگوں کو وطن واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ خصوصی پروازیں پیر سے شروع ہوں گی، پہلی خصوصی پرواز پیر جبکہ دوسری پرواز منگل کو بشکیک سے پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچے گی، کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں کے لوگوں کی وطن واپسی کے لئے مفت ایئر سروس فراہم کرنے کا بندوبست کیا ہے، بشکیک میں پھنسا پاکستان کا کوئی بھی شہری یہ مفت ایئر سروس پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر حاصل کر سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ کرغزستان میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ اس سلسلے میں معلومات کے لئے ٹال فری نمبر 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں، حکومت خیبر پختونخوا کے لوگوں کے ساتھ ساتھ باقی تمام پاکستانیوں کو بھی بحفاظت وطن واپس لانے کے لئے تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ کرغزستان میں جو مسئلہ بنا ہوا ہے وہ جلد حل ہو جائے، ہماری یہ بھی دعا ہے کہ تمام پاکستانی بحفاظت وطن واپس لوٹ آئیں، حکومت پہلے بھی آپ کے ساتھ تھی اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔