تہران: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ امام خامنہ ای سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ امام خامنہ ای سے تہران میں ملاقات کی، وزیراعظم نے صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے المناک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر رئیسی ایک ویژنری رہنما تھے، اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا، شہبازشریف نے پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت بڑھانے کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر کے ویژن کو جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، شہبازشریف نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کیلئے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مشکل گھڑی میں حکومت پاکستان اور عوام کے جذبات کے اظہار کو محسوس کرتے ہیں، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں، پاک ایران تعلقات کے حوالے سے مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔