وزیراعظم، سیاسی شخصیات کا کرم دھماکے میں شہادتوں پر اظہار افسوس

Published On 21 June,2024 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات نے کرم دھماکے میں شہادتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کی، وزیراعظم نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور شہداء کیلئے بلندیٔ درجات کی دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ضلع کرم میں آئی ای ڈی دھماکے میں سکیورٹی فورسزکے پانچ جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

علی امین گنڈا پور نے شہداء کے درجات کی بلندی اورپسماندگان کے لئے صبرجمیل کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5 جوان شہید

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملک میں امن کی خاطرسکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو سکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں پر فخر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکے کی شدید مذمت کی، محسن نقوی نے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہید ہونے والے اہلکاروں نے اپنا آج قوم کے پُرامن کل پر قربان کیا، سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے پُرعزم ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرم کےعلاقے صدہ میں بارودی سرنگ دھماکہ میں جوانوں کی شہادت پر ورثا سے اظہار تعزیت کیا، گورنر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن کیلئے قیمتی جانیں قربان کرنیوالے سکیورٹی فورسز کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے۔