دہشتگردی کیخلاف جنگ کی ذمہ داری تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ فرض: وزیراعظم

Published On 22 June,2024 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر دہشت گردی کو کچلنا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ذمہ داری تمام ریاستی اداروں کا مشترکہ فرض ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حکومتیں دہشتگردی کے حوالے سے بری و ذمہ رہیں، ریاست کی عملداری کو نافذ کرنا میری اور آپ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان نے ملک کی حفاظت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں : وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کے اہم معاملے پر غور کیلئے سب جمع ہوئے ہیں، دہشتگردی کا مسئلہ پیچیدہ ہے، قومی سلامتی کا مسئلہ کافی عرصے سے نظرانداز ہوتا رہا ہے، گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے دہشتگردی کے مسئلے نے سر اٹھایا، پاکستان کو مختلف حوالوں سے دہشت گردی کا سامنا رہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے ملک میں آئین وقانون کی عملداری ضروری ہے، مکمل نظام کے بغیر پائیدار ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، غریب آدمی کو اپنی روزی روٹی کی فکر ہے، روزگار کی فکر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات راولپنڈی میں ادا، وزیراعظم ،آرمی چیف کی شرکت

شہباز شریف نے کہا کہ نرم ریاست کبھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہیں کرسکتی، دہشتگردی میں مبتلا غیرمستحکم ریاست میں اچھی معیشت کا تصور نہیں کیا جاسکتا، صوبائی حکومتیں سکیورٹی کی ذمہ داری فوج پرڈال کر بری الذمہ نہیں ہوسکتیں، اس طرح سے دہشتگردی کاخاتمہ نہیں ہوسکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کی قربانیاں بےمثال ہیں، افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں، ہمیں طاقت کے تمام عناصر کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے، ہم نے ہر معاملہ افواج پر چھوڑ دیا جوخطرناک روش ہے۔