کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بغیر پروٹوکول میئر کے ہمراہ کراچی کا دورہ کیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو مون سون بارشوں کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی، مئیر کراچی خود گاڑی چلاکر وزیراعلیٰ سندھ کو لیکر پہلے نرسری کے مقام پر پہنچے، نرسری پر نالوں کی صفائی کے کام پر میئر کراچی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔
نرسری کے بعد میئر کراچی نے سی ایم سندھ کو بلوچ کالونی کے قریب نالوں کے بند پوائنٹ اور نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کرایا، میئر کراچی نے ٹیپو سلطان روڈ کے بند پوائنٹ سے بھی سی ایم سندھ کو آگاہ کیا۔
مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو فوری بند پوائنٹ کھلوانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام نالوں کی صفائی اور بند پوائنٹ کھولیں جائیں، تمام تر فنڈز ریلیز کر دیئے گئے ہیں، کام میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔
سی ایس سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پر تنقید کرنے والے کرتے رہیں ہمیں بس کام کرنا ہے، بغیر پروٹوکول وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کو اپنے درمیان دیکھ کر شہریوں کو حیرت ہوئی، شہریوں نے وزیراعلیٰ اور میئر کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔