سکھر: (دنیا نیوز) سکھر بیراج کے گیٹ نمبر 44 اور 47 کو نقصان پہنچنے کے باعث 7 کینالوں سے فصلوں کو پانی کی فراہمی بند ہو گئی، متعلقہ اضلاع میں فوکل پرسن مقرر کر دیئے گئے جو ضروری مقامات پر پانی کا بندوبست کریں گے۔
محکمہ زراعت سندھ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہنا ہے کہ سکھر بیراج کے گیٹس ٹوٹنے کی وجہ سے نواب شاہ تک پانی کی سپلائی کرنے والے خیرپور فیڈر ایسٹ کو بند کر دیا گیا، خیرپور فیڈر ویسٹ جو خیرپور ضلع کو پانی کی سپلائی فراہم کرتی ہے کو بھی بند کر دیا گیا۔
محکمہ زراعت نے کہا کہ میرپور خاص، سانگھڑ، تھرپارکر اور عمر کوٹ کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے والی نارا کینال کو بند کر دیا گیا ہے، روہڑی کینال جو مین انڈس ہائی وے، کنڈیارو ٹھری میرواہ، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور حیدر آباد کو پانی کی سپلائی فراہم کرتا ہے کو بند کر دیا گیا۔
گڑھی یاسین اور قمبر شہداد کوٹ کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے والی نارتھ ویسٹ کینال کو بند کر دیا گیا ہے، رائس کینال جو لاڑکانہ میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ کو پانی کی سپلائی فراہم کرتا ہے کو بند کر دیا گیا ہے، دادو اور سیہون شریف کو پانی فراہم کرنے والی دادو کینال کو بند کر دیا گیا۔