اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی کو ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت نہ دینے کی وجوہات سامنے آ گئیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینے سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مقامی افراد کی شکایت اور سکیورٹی اداروں کی رپورٹ پر جلسے کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس نمائندگان نے تصدیق کی ہے کہ 3 جولائی کو اسلام آباد سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، سنگجانی اور ترنول کے علاقوں میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن تاحال جاری ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندگان کے مطابق محرم میں سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، محرم کے باعث جلسہ محفوظ بنانے کیلئے سکیورٹی اداروں کی افرادی قوت دستیاب نہیں، سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے سکیورٹی الرٹ جاری کئے گئے ہیں۔
محمد علی رندھاوا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سکیورٹی الرٹ کے مطابق محرم کے دوران دہشتگردانہ کارروائیوں کے خطرات ہیں، ترنول کا علاقہ گنجان آباد ہے اور ہوائی اڈے، جی ٹی روڈ، موٹر وے تک رسائی کا اہم مقام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) معطل کر دیا تھا۔