اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی، جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں اکثر مقامات، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
سب سے زیادہ بہاولپور میں (ایئرپورٹ 50، سٹی 45)، کوٹ ادو 40، ڈی جی خان 29، لیہ 20، ملتان (سٹی، ایئرپورٹ 7)، بہاولنگر 7، اوکاڑہ، رحیم یار خان، جھنگ 4، چکوال، اٹک، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، سیالکوٹ (سٹی، ایئرپورٹ ایک )، بھکر میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بارکھان 36، سبی 10، ژوب 8، دیر (زیریں 4)، مالم جبہ 3، سیدو شریف ایک، بگروٹ 2، استور اور بونجی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق تربت، دالبندین، نوکنڈی 43 اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔