اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے 3 دن میں درمیانے درجے کی اربن و فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر بارش 50-100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی وجہ سے ملک کے شہری علاقوں گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔
این ڈی ایم اے نے مسافر اور سیاحوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط کی جائے، بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کیلئے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ’ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔