لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ صوبہ پنجاب اور سندھ میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ایمرجنسی کے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے، حالیہ بارشوں میں لاہور، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، کوٹ ادو اور بہاولپور متاثر ہوئے ہیں، ان بارشوں میں 40 کے لگ بھگ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی حکام سے صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے واسا کو سرگرم رہنے اور خاص طور پر نشینی علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے ضروری سامان تیار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں مون سون کی بارشیں 15 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم ابھی تک صوبے کے دریاؤں اور نہروں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، ہنگامی حالات میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔