اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے میں وزیر اعلیٰ جی بی نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورٹی کو درپیش مالی بحران کے حل کا مطالبہ کیا ہے، حاجی گلبر خان نے وزیر اعظم سے گلگت بلتستان کونسل کے فنڈز سے ایک ارب روپے انڈومنٹ فنڈز کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کو منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حاجی گلبر خان نے مراسلے میں کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی 10 ہزار سے زائد طالب علموں کو تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کر رہی ہے، سال 2018 سے ہائر ایجوکیشن کی جانب سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کیلئے گرانٹ 430 ملین پر جمود کا شکار ہے۔
وزیر اعلیٰ جی بی نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، بلتستان یونیورسٹی کو بھی آپریشنل اخراجات اور معیار تعلیم برقرار رکھنے میں مالی مشکلات کا سامنا ہے، مراسلے میں درپیش مالی بحران کی وجہ سے حکومت گلگت بلتستان کو مالی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے میں وزیر اعلیٰ جی بی کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے طالب علم بلاتعطل اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ جی بی کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کی وجہ سے صوبائی حکومت کو ان دونوں یونیورسٹیز کیلئے مستقل بنیادوں پر مالی معاونت فراہم کرنا ممکن نہیں، گلگت بلتستان کونسل سے ایک ارب کی رقم قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی کیلئے انڈومنٹ فنڈز کے قیام کیلئے صوبائی حکومت کو منتقل کئے جائیں۔