اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وفاقی سیکرٹری خزانہ بھی شریک ہوئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبے کی وفاقی حکومت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، وزیر اعلیٰ نے جی بی کو گندم کی سبسڈی فراہم کرنے پر بالخصوص اظہار تشکر کیا۔
گلبر خان نے نے علاقے سے متعلق متعدد شعبوں پر روشنی ڈالی، وزیر اعلیٰ نے مزید مسائل کو حل کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید تعاون کی اپیل کی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گلگت بلتستان میں دستیاب بے شمار وسائل کی اہمیت پر زور دیا، وزیر خزانہ نے جی بی میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ خطہ جواہرات اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے، معدنی وسائل کو ریونیو حاصل کرنے کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
سیکرٹری خزانہ نے جی بی میں سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں خطے کی دل کھول کر مدد کی ہے۔