خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس: بارودی سرنگوں کے متاثرین کو معاوضہ نہ ملنے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش

Published On 08 August,2024 05:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگوں سے متاثرہ افراد کو تاحال معاوضہ نہ ملنے بارے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔

توجہ دلاؤ نوٹس حکومتی رکن آصف خان نے پیش کیا، نوٹس میں کہا گیا کہ ابھی تک یہ طے نہیں پایا کہ ان متاثرین کوسی ٹی ڈی ڈیل کرے گی یا پولیس، 57 کیسز ہیں، جنہیں ابھی تک حل نہیں کیا گیا۔

نوٹس کے متن کے مطابق 2007 میں بےگھر ہونے والوں کو ابھی تک معاوضہ نہیں دیا گیا، ہمیں ہر لحاظ سے محروم رکھا جا رہا ہے، ان معاملات کو حل کرنے کے لیے سپیشل کمیٹی قائم کی جائے، کمیٹی میں اے سی ایس، آئی جی سمیت تمام متعلقہ افسران کو بلا کر تاخیر کی وجہ معلوم کی جائے۔

اس موقع پر وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ اس طرح کے معاملات ریلیف ڈیپارٹمنٹ دیکھتا ہے، ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جاتی ہے، مقدمہ کے بعد پراسس شروع ہوتا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ خیبر، کرم جنوبی اور شمالی وزیرستان کے متاثرین اس میں شامل ہیں، اس حوالے سے ہم نے اپنے اعتراضات بھی وفاق کےسامنے رکھے ہیں، آپریشن کے دوران 4 لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے، ایوان نے توجہ دلاؤنوٹس سٹینڈنگ کمیٹی کو بھیج دیا۔