تونسہ میں پولیس مقابلے کے دوران فتنۃ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک

Published On 25 August,2024 01:06 pm

تونسہ: (دنیا نیوز) تھانہ سٹی تونسہ کی حدود میں پولیس سے مقابلے کے دوران فتنۃ الخوارج کے 2 دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق 24 اگست کو تھانہ سٹی تونسہ کی حدود میں سٹی فوڈ کلب کے قریب فتنۃ الخوارج کا ایک گروہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی کیلئے موجود تھا، ایس ایچ او تحصیل وہوا ضلع تونسہ کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فوری چھاپہ مارا گیا۔

پولیس کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جہاں پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او وہوا، سب انسپکٹر صادق اور کانسٹیبل مظمر نذیر زخمی ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر تونسہ منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس کارروائی سے فتنۃالخوارج کو شدید دھچکا لگا، اہل علاقہ نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔