کراچی: (دنیا نیوز) سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام، ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
8 ستمبر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 1965 کی جنگ میں بری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔
طیارہ بردار جہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔
1965 کو جب رات کی تاریکی میں بھارتی فوج نے پاکستان پر شب خون مارنے کی مذموم کوشش کی تو پاک افواج نے تمام محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا، بری اور فضائی محاذوں کے ساتھ ساتھ بحری محاذ پر بھی دشمن کو دھول چٹائی اور4 گنا بڑی بھارتی فوج کو منہ کی کھانا پڑی۔
کراچی سے تقریباً350 کلو میٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، جہاں قائم ریڈار سٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی،7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا اور دوارکا کے سر پر پہنچ کر توپوں کا منہ کھول دیا، بحری فوج نے چند منٹ میں بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔
دوارکا آپریشن پاکستان کی تاریخ کا ایک انمٹ باب اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراج تحسین
دوسری جانب وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں و بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بحریہ کے تمام اراکین کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اوروطن سے محبت کا ثبوت ہے، پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
یوم پاک بحریہ پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان و یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر بھی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے دشمن کو پسپا کیا، پاک بحریہ کے جانبازوں نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔