کرتارپور: بابا گرونانک کی 485 ویں برسی کی تقریبات کا آغاز

Published On 20 September,2024 11:33 am

کرتارپور: (دنیا نیوز/ ویب ڈیسک) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کی 485 ویں برسی کی تقریبات کا گرودوارہ دربار صاحب کرتار پور میں آغاز ہوگیا۔

گرو دوارہ دربار صاحب کرتار پور میں برسی کی تقریبات کا آغاز ارنبھتا سری اکھنڈپاتھ صاحب سے ہوا، جبکہ شام کو نشان صاحب کی سیوا اور ارداس ہوگی، کل 21 ستمبر کو نگر کیرتن ہوگا اور بابا گرونانک کے پہلے مسلمان شاگرد اور خدمت گار بھائی مردانہ کا قد آور مجسمہ نصب کیا جائے گا، بھائی مردانہ کا کانسی کا مجسمہ لاہور کے فقیرخانہ میوزیم نے تیار کیا ہے۔

تین روزہ تقریبات اختتامی دعا کے ساتھ 22 ستمبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔

پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کرتار پور کے ڈپٹی سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر نے بتایا کہ برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے امریکا، یورپ، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک سے تقریباً 500 کے قریب سکھ یاتری آئے ہیں جبکہ بھارت سے کم وبیش ڈیڑھ ہزار کے قریب یاتری کرتار پور کوریڈور کے ذریعے کرتارپور صاحب آئیں گے۔

بابا گرونانک کی برسی کی تقریب میں پاکستان سکھ گرودوارہ پر بندھک کمیٹی کے سربراہ اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شریک ہوں گے، یاتریوں کی سکیورٹی، لنگر اور قیام کے انتظامات کئے گئے ہیں۔