کراچی: (رطابہ عروس) سندھ فوڈ اتھارٹی نے سائنٹفک پینل کے قیام کا فیصلہ کر لیا، آئل اور گھی کے شعبے کے لئے 20 رکنی سائنٹفک پینل قائم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سائنٹفک پینل میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نمائندے بھی شامل ہیں، مختلف جامعات کے فوڈ سائنس ماہرین اور بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی پینل میں شامل ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو کے مطابق پینل غذائی معیارات اور تکنیکی پہلوؤں پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو سفارشات دے گا، پینل جدید تحقیق کی روشنی میں غذائی مصنوعات کے معیارات طے کرے گا۔
مزمل حسین نے مزید کہا ہے کہ سائنٹفک پینل کے اقدامات سے آئل اور گھی کی صنعت میں مزید بہتری آئے گی، سائنٹفک پینل کی تشکیل سے غذائی تحفظ اور معیار میں بھی بہتری آئے گی، سائنٹفک پینل عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا، سندھ فوڈ اتھارٹی عوامی صحت اور خوراک کے معیار میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔