پیرس: (دنیا نیوز) فرانس کے شہر پیرس میں ’’پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد‘‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام یورپین یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن اور پاکستانی کمیونٹی فرانس نے کیا۔
ریلی میں قومی پرچم تھامے ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی، ’’سول نافرمانی نامنظور، ترسیلات زر بڑھاؤ اور ملک بچاؤ‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے پیرس کی فضا گونج اٹھی۔
شرکاء کی جانب سے ’’سب سے پہلے پاکستان، ہر حالات میں ڈٹ کر کھڑے ہیں پاک فوج کے ساتھ‘‘ کا اعادہ کیا گیا۔
ریلی کے شرکاء نے پاک فوج اور سپہ سالار کے ساتھ مضبوط وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پیغام دیا کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، جس کو کسی صورت کراس نہیں کرنے دیں گے، پاکستان اور پاک فوج کے دشمنوں نے ہمیشہ منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیا، باشعور عوام ان کے مکروہ عزائم پہچان چکے ہیں۔
پیرس کی عظیم الشان ریلی دشمنوں کیلئے واضع پیغام ہے کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔