لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ مال روڈ کو آٹھ برس بیت گئے، سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداء کی آٹھویں برسی پر پنجاب پولیس نے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ہمیں یاد ہے 13 فروری 2017ء کا دن، جب شہدائے پولیس نے اپنا آج، قوم و ملت کے روشن مستقبل پر قربان کر دیا، یہ وہی دن تھا جب وطن دشمن عناصر نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو اپنا ہدف بنایا۔
2017 میں آج ہی کے دن دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائی میں پولیس افسران اور جوانوں نے فیصل چوک پر جامِ شہادت نوش کیا، دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کے دوران 7 پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت 14 افراد شہادت کا رتبہ پا گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔
شہید ہونے والوں میں ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل، اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبلز محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر سمیت دیگر شامل تھے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران نے دھرتی ماں کے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے شہریوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کیا ہے۔