پشاور میں بی آر ٹی سروس کو دیگرعلاقوں تک توسیع دینےکا فیصلہ

Published On 19 February,2025 12:24 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں بڑھتی ہوئی ضرورت اور رش کے پیش نظر بی آر ٹی سروس کو دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں رنگ روڈ، باڑہ روڈ اور خیبر روڈ کے نئے روٹس پر بی آر ٹی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا، اس سلسلے میں مزید 72 نئی ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدی جائیں گی۔

اجلاس میں نئی بسوں کی خریداری اور نئے روٹس پر بسیں چلانے کے سلسلے میں سول ورکس مکمل کرنے کیلئے 6 ماہ کی ڈیڈلائن مقررکی گئی ہے، بی آر ٹی کے زیرتعمیر پلازوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مال آف حیات آباد اور ڈبگری میں زیر تعمیر پلازہ اپریل کے آخر تک تیار ہو جائیں گے۔

دوران اجلاس صوبائی دارالحکومت پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھی اہم فیصلے کیے گئے جن میں رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر پر کام شروع کرنے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کیلئے فل فنڈنگ شامل ہے، ٹریفک کی روانی کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں گے، رنگ روڈ اور یونیورسٹی روڈ کے مختلف مقامات پر 7 انڈر پاسز تعمیر کئے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو 2 مہینوں میں ان انڈر پاسز کی فیزیبلٹی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، اندرون شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بھی انڈر پاسز تعمیر کرنے کیلئے منصوبہ شروع کرنے اور یونیورسٹی روڈ کے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والی تمام رکاوٹوں کو ایک مہینے میں ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پشاور کی ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، اس مقصد کیلئے مالی وسائل کی کمی کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا، عوام سہولت اور ضرورت کے پیش نظر بی آر ٹی سروس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اجلاس میں صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر صوبے چار ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی فیزیبلٹی سٹڈی کی جائے گی، ان ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان شامل ہیں۔