جس دن میرے پاس اختیارات ہونگے تو دما دم مست قلندر ہوگا: گورنر سندھ

Published On 11 March,2025 10:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ اختیارات نہ ہونے کے باوجود اتنے کام ہو رہے ہیں، جس دن اختیارات ہوں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاکستان نازک حالات سے گزر رہا ہے، دشمن طاقتیں نہیں چاہتیں پاکستان ترقی کرے، ہم نے اتحاد قائم کرنا ہے، پاکستان ہوگا تو ہم ہیں اور ہماری سیاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اگلے 2 سے 3 سالوں میں پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا، اختیارات نہ ہونے کے باوجود اتنے کام ہو رہے ہیں اختیارات ہوں گے تو دما دم مست قلندر ہوگا، جس دن اختیار ہوگا ہر شخص کا اپنا گھر، اپنی چھت، اپنا روزگار ہوگا اور ہر شخص با اختیار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات بدل رہے ہیں، ہم نے ترقی کے راستے پر چلنے کا عزم کیا ہے، 77 سال گزرنے کے باوجود عوام کو معاشی طور پر مستحکم نہیں کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کو کہتا ہوں لیاقت آباد کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے، کل کے الیکٹرک کے ایم ڈی کے کو بلا کر کہوں گا لیاقت آباد کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔