پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

Published On 29 April,2025 08:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج نے ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے 2 کواڈ کاپٹر مار گرائے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کا بھارت کو منہ توڑ جواب جاری ہے، پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے ستوال سیکٹر پر بھارتی فوج کا ایک اور کواڈ کاپٹر مار گرایا۔

بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں جاسوسی کر رہا تھا، مار گرایا جانے والا کواڈ کاپٹر Phantom-4 ہے، اس سے قبل آج دن کو پاک فوج نے بھارتی 5 آسام رجمنٹ کا ایک اور کواڈ کا پٹر بھمبر کے علاقے مناور سیکٹر میں مار گرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جاسوسی کی کوشش ناکام، پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ ایکشنز حالات میں مزید کشیدگی کا باعث بن رہے ہیں، یہ واقعہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، دفاعی تیاری اور چوکسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ماہرین کے مطابق دشمن کی طرف سے اس طرح کی حرکتیں خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوششیں ہیں، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔