کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن حدید میں مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار بس شکار پور سے آ رہی تھی کہ سمندری بابا مزار کے قریب بس اچانک کھائی میں اتر کر الٹ گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ پنا زوجہ محمد علی، 35 سالہ کوثر، 59 سالہ عبدالغفور اور 25 سالہ غلام فرید کے ناموں سے ہوئی۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور 8 زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گلشن حدید نصیر آباد کے قریب آئل ٹینکرنے چنگچی رکشے کو ٹکر مار دی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
حادثے کا شکار چنگچی رکشے میں سکول کے بچے بھی سوار تھے جو محفوظ رہے، حادثے میں چنگچی رکشے کو بھی نقصان پہنچا۔