بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونیوالے 7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نماز جنازہ ادا

Published On 07 May,2025 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونیوالے 7 سالہ ارتضیٰ عباس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق نمازِ جنازہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ فوجی و سول افسران، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی جوان، شہید کے عزیز و اقارب اور عام شہریوں نے شرکت کی۔

 

 7 سالہ ارتضیٰ عباس طوری لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس طوری کے صاحبزادے تھے، ارتضیٰ عباس طوری آزاد جموں وکشمیر کے علاقے داوارندی میں بھارت کی بلااشتعال سرحد پار جارحیت میں شہید ہوئے تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی کی بدترین مثال ہے، اس قسم کے غیرفطری اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات بھارتی حکومت کی جارحانہ ذہنیت اور تکبر کو ظاہر کرتے ہیں، جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

صدرمملکت اور وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے، آمین۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں میں جارحیت کی گئی، یہ واقعہ بزدل دشمن کی گولہ باری سے پیش آیا، بھارتی فوج کی جارحیت سے نہتے معصوم شہریوں کی شہادت پر پوری قوم دکھ اور کرب میں مبتلا ہے۔