انسٹاگرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو اڑھائی سال قید کی سزا

Published On 22 May,2025 09:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے انسٹاگرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو اڑھائی سال قید کی سزا سنا دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے ٹرائل مکمل ہونے پر قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کا حکم سنایا، انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے مطابق مجرم غیر ملکی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بم بنانے سے متعلق معلومات لے رہا تھا، ایف بی آئی نے معاملے کے بارے میں پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا، حکومت پاکستان نے ایف آئی اے کو معاملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کی، ایف آئی اے کی جانب سے دوران ٹرائل آٹھ گواہ عدالت میں پیش کیے گئے۔

فیصلے کے مطابق مجرم حنان عبداللہ پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کا الزام ثابت ہوتا ہے، پراسیکیوشن اس الزام کے علاوہ باقی کوئی الزام ثابت نہیں کر سکی، مجرم حنان عبداللہ کو انسٹا گرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے پر اڑھائی سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا دس سال قید ہے، عدالت کی نظر میں حالات اور مجرم کی عمر دیکھتے ہوئے عدالت اڑھائی سال قید کی سزا سناتی ہے، مجرم حنان عبداللہ ضمانت پر ہے، حراست میں لیکر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے۔