پاکستان کے 3 بڑے ایئر پورٹس پر تنصیب کیلئے ای گیٹس کا ڈیزائن فائنل

Published On 24 June,2025 11:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) جرمن ماہرین کے دورہ پاکستان کے دوران ای گیٹس کا بنیادی ڈیزائن فائنل ہوگیا، جدت کے حامل منصوبے کے تحت اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ای گیٹ کی تنصیب ہوگی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق جرمن ماہرین کی نگرانی میں ای گیٹ منصوبہ بروقت اور بغیر تاخیر کے جاری ہے، 3 روزہ ورکشاپس میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔

ای گیٹس تنصیب کے بعد مسافر خودکار نظام کے تحت برق رفتاری سے امیگریشن مراحل طے کر سکیں گے، منصوبہ عصر حاضر کے صرف جدید سہولیات کی فراہمی کا عکاس ہے۔

پاکستان کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کی کوششوں کا حصہ بھی ہے، یہ منصوبہ پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس کے لیے ایک محفوظ، قابلِ توسیع اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کرے گا۔ کنسلٹنٹس معاہدے کے مطابق تسلی بخش کام کر رہے ہیں۔